جنوبی بھارت کی کناڈا اداکارہ رانیا راؤ جو اس ماہ کے اوائل میں بنگلورو ایئرپورٹ پر 14.8 کلو گرام سونے کے ساتھ پکڑی گئی تھیں، انکے حوالے سے بھارت کے انسداد اسمگلنگ کے ادارے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو اینٹلی جنس نے منگل کو ایک عدالت کو بتایا کہ رانیا راؤ نے اعتراف کیا ہے کہ سونے کی خریداری کےلیے استعمال کی گئی رقم حوالہ چینل کے ذریعے بھجوائی تھی۔
رانیا راؤ کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس کی نمائندگی کرنے والے ایڈووکیٹ مدھو راؤ نے کہا کہ حکام نے رانیا راؤ کے خلاف جوڈیشل انکوائری شروع کرنے کےلیے دفعہ 108 کے تحت نوٹس جاری کیا ہے۔
اس تفتیش کا مقصد یہ تعین کرنا ہے کہ مالی بے ضابطگیوں اور قانون کی کسی بھی امکانی خلاف ورزی کس حد تک ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اب تک رانیا راؤ کی ضمانت کی دو درخواستیں مسترد ہوچکی ہیں، جس میں سے ایک لوئر کورٹ میں جبکہ ایک اور درخواست اسپشل کورٹ فار اکنامک آفینسس میں رد ہوئی۔
جبکہ حالیہ درخواست ضمانت کے دلائل کے بعد سماعت ختم ہوگئی اور عدالت نے آرڈرز 27 مارچ تک کے لیے محفوظ کرلیا ہے۔