• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رجب بٹ اور دوستوں کی وہیل چیئر پر ’سعی‘ شدید تنقید کی زد میں


اداکار، یوٹیوبر، کانٹینٹ کری ایٹر و ڈیلی وی لاگر رجب بٹ اور تنازعات کا چولی دامن کا ساتھ ہے، وہ حال ہی میں ایک نئے تنازع میں پھنسنے کے بعد سعودی عرب میں موجود ہیں۔

رجب بٹ اور ان کے دوستوں حیدر شاہ، سید شہباز بخاری اور مان ڈوگر نے رمضان مبارک کے مہینے میں عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔

رجب بٹ نے جہاں حالتِ احرام میں مطاف میں کھڑے ہو کر متعارف کروائے گئے اپنے نئے پرفیوم کے نام پر معافی پر مبنی ویڈیو بیان جاری کیا تھا وہیں ان کی سعی کرتے ہوئے ویڈیوز بھی وائرل ہو گئی ہیں۔

یوٹیوبر رجب بٹ اور ان کے نوجوان دوستوں کی حرم شریف سے وائرل ہونے والی ان ویڈیوز میں انہیں صفا اور مروہ کے درمیان سعی کے لیے وہیل چیئر کا استعمال کرتے دیکھا دیکھا جا سکتا ہے۔

رجب بٹ اور ان کے نوجوان دوستوں کی یہ ویڈیوز دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین آگ بگولہ نظر آ رہے ہیں۔

ان تمام ویڈیوز کو خفیہ طور پر بنایا گیا ہے جن کے سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین پہلے ہی سے متعدد تنازعات میں گھرے یوٹیوبرز پر سخت تنقید کر رہے ہیں۔

رجب بٹ اور ان کے دوستوں کے وہیل چیئر پر سعی کرنے پر صارفین کا تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا ہے کہ کیا یہ چلنے سے بھی معذور ہو گئے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ پیسہ آ جانے کے بعد لوگ کس طرح کے بن جاتے ہیں؟ ایک صارف کا کہنا ہے کہ خدا کی دی ہوئی دونوں ٹانگوں پر ناشکری کرنا انہیں زیب نہیں دیتا۔

یاد رہے کہ رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے مسجدالحرام میں وہیل چیئرز کی اجازت دی گئی تھی جس کا استعمال معمر یا بیمار عمرہ زائرین مخصوص مقامات سے انہیں مفت حاصل کر کے کر سکتے ہیں۔

عمرہ زائرین کے لیے ’سعی ‘ کے لیے الیکٹرانک وہیل چیئرز کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے جس کی ادائیگی کرنے کے بعد انہیں حاصل کیا جا سکتا ہے۔

صحت مند افراد کا ان وہیل چیئرز کا استعمال کیا جانا اخلاقی طور پر قابلِ اعتراض سمجھا جاتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید