کراچی (اسٹاف رپورٹر) خونی ٹریلر اور واٹر ٹینکر نے مزید 2 افراد کی جا ن لے لی ،ٹرین کی زد میں آ کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا ،تفصیلات کے مطابق ناردرن بائی پاس چنگی کے قریب تیزرفتار ٹریلرکی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 16 سالہ محمد اویس ولد محمد صادق جاں بحق اور محمد نعیم شدید زخمی ہوگیا،متوفی کی لاش اورزخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس نے بتایاکہ متوفی گلشن معمارکے علاقے میں واقع جہان آباد گوٹھ کا رہائشی تھا اور دوستوں کے ہمراہ دو موٹر سائیکلوں پر منگھوپیر نہرمیں نہانے جا رہا تھا ، ڈرائیور ٹریلر سمیت فرار ہو گیا ،دریں اثنا نیا ناظم آباد کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 35 سالہ محمد ابراہیم خان جاجاں بحق ہوگیا، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے واٹر ٹینکر کو قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ،متوفی کے محلے دار نفیس نے بتایا کہ ابراہیم خان مسجد کا خطیب اور حافظ قرآن ، پختون آباد گلی نمبر 13 کا رہائشی اور 2 بچوں کا باپ ، آبائی تعلق کے پی کے سے تھا، تراویح کے بعد چائے پینے کے لیے موٹر سائیکل پر نکلا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا،پولیس نے بتایا کہ سنگل روڈ ہونے کی وجہ سے اس روڈ پر حادثات روز کو معمول بن گئے ہیں اور علاقہ مکین یہاں سے گزرتے ہوئے شدید خوف کا شکار ہیں، علاوہ ازیں کالونی گٹ ریلوے ٹریک پر ٹرین کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق ہوگیا ،پولیس نے بتایا کہ فوری شناخت نہیں ہوسکی ، متوفی لائن عبور کررہا تھا کہ ہزارہ ایکسپریس کی زد میں آگیا ، ریلوے پولیس نے لاش سرد خانے منتقل کرادی۔