اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے دو لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کی درخواست پر سیکرٹری دفاع سے رپورٹ طلب کر لی۔ دوران سماعت آئی جی پولیس نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا کہ اسپیشل تحقیقاتی ٹیم بنا کر خود اس معاملے کو سپروائز کیا لیکن اب تک لاپتہ بھائیوں کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ ایمان مزاری ایڈوکیٹ نے کہا ہم نے وزارت داخلہ کے ماتحت خفیہ اداروں پرالزام لگایا ہے ، کیا سیف ہاؤسز کو چیک کیا گیا؟جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دئیے کہ وزارت دفاع کا جواب آنا اب ضروری ہو چکا ہے، سیکرٹری دفاع آئندہ سماعت پر جواب جمع کرائیں۔