کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی کو شاندار اور پُروقار انداز سے منائے گی،ان کی شہادت بڑا المیہ ہے ۔ انہوں نے برسی کے جلسے میں سیکورٹی پر خصوصی توجہ دینے اور مناسب انتظامات دینے کی ہدایت دی ہے ۔ یہ بات انھوں نے جمعرات کووزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں 4اپریل کو گڑھی خدا بخش میں منانے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو جامع حفاظتی اقدامات، ٹریفک اور مزار کے داخلی اور خارجی گزر گاہوں کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزراء ناصر شاہ، سعید غنی، حاجی علی حسن زرداری، ایم پی اے ندا کھوڑو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکریٹری توانائی مصدق خان، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے سیکریٹری رحیم شیخ، سیکریٹری ورکس محمد علی کھوسو، اسپیشل سیکریٹری داخلہ سعید شیخ جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، پی پی پی ایم پی ایز جمیل سومرو، سہیل سیال، کمشنر اور ڈی آئی جی لاڑکانہ اور دیگر نے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو مسلم دنیا کا عظیم رہنما قرار دیتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو کی شہادت بہت بڑاالمیہ تھا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت، خارجہ پالیسی اور معاشی اصلاحات میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات بے مثال ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی کو شاندار اور پُروقار انداز سے منائے گی۔ پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی (ایم پی ایز) اور لاڑکانہ کی ڈویژنل انتظامیہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ کو برسی کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔مرادعلی شاہ نے ایونٹ کے دوران عوام کی سہولت اور سیکورٹی پر خاص توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی ۔