اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللّٰہ نے ایک دن عقبہ میں مسلح افواج کے ساتھ گزارا۔
حسین بن عبداللّٰہ نے گزشتہ روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی کچھ نئی تصاویر شیئر کی ہیں۔
ان تصاویر میں وہ اپنے دیگر فوجی ساتھیوں کے ساتھ فوجی وردی پہنے ہوئے انتہائی خوش گوار موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔
اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ نیول فورس، رائل بوٹس کمانڈ اور میری ٹائم کاؤنٹر ٹیررازم ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ عقبہ میں افطار۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حسین بن عبداللّٰہ کا عقبہ میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین، نیول فورس اور رائل بوٹس کمانڈ کے کمانڈر اور میری ٹائم کاؤنٹر ٹیررازم ٹیم کے سربراہ میجر جنرل یوسف ہنیتی نے استقبال کیا۔
حسین بن عبداللّٰہ نے افطار کی اس تقریب میں موجود ساتھیوں کے ساتھ نماز مغرب بھی ادا کی۔
یہاں اس بات کا ذکر کرنا اہم ہے کہ اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین نے بنیادی فوجی تربیت نیول فورس اور رائل بوٹس کمانڈ اور میری ٹائم کاؤنٹر ٹیررازم ٹیم میں مکمل کی تھی۔
اس کے علاوہ اُنہوں نے کئی میری ٹائم کورسز میں بھی مہارت حاصل کی ہے جن میں فاؤنڈیشن ڈائیونگ کورس، لائٹ اینڈ میڈیم بوٹ کمانڈرز کورس اور انسدادِ دہشت گردی کے خصوصی کورسز شامل ہیں۔