ہریتھک روشن ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں، وہ کرش 4 میں ہدایت کاری کے جوہر دکھائیں گے جس کی تصدیق ان کے والد راکیش روشن نے کر دی۔
بالی ووڈ کے سپر ہیرو سیریز کرش کی چوتھی قسط کا بے صبری سے انتظار کرنے والے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے، راکیش روشن نے اعلان کیا ہے کہ کِرِش 4 کی ہدایت کاری اب ہریتھک روشن خود دیں گے۔
راکیش روشن نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو بتایا ہے کہ ڈگو 25 سال پہلے میں نے تمہیں اداکار کے طور پر لانچ کیا تھا اور آج 25 سال بعد تمہیں ہدایت کار کے طور پر لانچ کر رہا ہوں، یہ ہمارا سب سے بڑا پروجیکٹ ہے، جسے آگے بڑھانے کے لیے میں اور آدتیہ چوپڑا تمہارے ساتھ ہیں۔
کِرِش 4 سے متعلق طویل عرصے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، کیونکہ اس فلم کے بجٹ کے مسائل کے باعث یہ پروجیکٹ تاخیر کا شکار رہا۔
اس خبر پر ہریتھک روشن کی گرل فرینڈ صبا آزاد نے بھی انسٹاگرام پر دل والے ایموجی کے ساتھ ردِعمل دیا۔
مداحوں کی جانب سے بھی ہریتھک روشن کے ہدایت کاری کے فیصلے پر خوشی اور حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔