• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عائزہ خان اور دانش تیمور کی اپنے بچوں کی تصاویر و ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کی درخواست

— تصاویر بشکریہ سوشل میڈٰا
— تصاویر بشکریہ سوشل میڈٰا

پاکستان شوبز انڈسٹری کی ہردلعزیز جوڑی اداکار دانش تیمور اور اداکارہ عائزہ خان نے اپنے بچوں سے متعلق اہم فیصلہ لے لیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ عائزہ خان نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے بچوں حورین تیمور اور ریان تیمور کے نام سے منسوب سرگرم سوشل میڈیا پیجز اور دیگر سے درخواست کی ہے کہ بچوں کی پرائیوسی کا خیال رکھتے ہوئے ان کی تمام تصاویر و ویڈیوز کو ڈیلیٹ کر دیں۔

سوشل میڈیا طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے اپنے حامیوں کے نام پیغام میں لکھا ہے کہ ہمارے تمام فالوورز کا شکریہ جو ہمارے سفر میں ہمارے ساتھ رہے، ہم آپ کی محبت اور حمایت کے لیے واقعی مشکور ہیں، آپ ناصرف ہمارے اچھے برے میں ساتھ رہے بلکہ جب سے ہم نے اپنے بچوں کو متعارف کروایا ہے تب سے آپ نے انہیں بڑا ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ آپ ہمارے لیے صرف مداح نہیں بلکہ ایک خاندان کے فرد کی طرح ہیں جنہوں نے ہمارے بچوں کی کامیابیوں کا جشن ہمارے ساتھ منایا، جیسے جیسے ہمارے بچے بڑے ہو رہے ہیں، ان کے لیے ایک نیا سفر شروع ہونے والا ہے، بطور والدین اب یہ ہماری ذمے داری ہے کہ ہم ان کی پرائیویسی کا خیال کریں تاکہ وہ اپنی زندگی بغیر کسی عوامی دباؤ کے گزار سکیں۔

عائزہ خان نے لکھا ہے کہ جب تک وہ 18 سال کے نہیں ہو جاتے اور خود یہ فیصلہ نہیں کر لیتے کہ انہیں سوشل میڈیا کی دنیا کا حصہ بننا ہے یا نہیں، تب تک ہم نے ان کی زندگی کو نجی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور امید ہے کہ آپ بھی اس میں ہمارا ساتھ دیں گے اور وہ تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس جو ان کے نام سے منسوب ہیں انہیں ڈیلیٹ کر دیں گے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے اختتام میں دعاؤں اور نیک خواہشات کی درخواست کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ ہم آپ سے عاجزی کے ساتھ درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے بچوں کو اپنی دعاؤں میں رکھیں اور دعا کریں کہ اللّٰہ ہمیں ان کی بہترین طریقے سے پرورش کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید