پاکستانی ڈراما اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی دل چھو لینے والی ویڈیو شیئر کردی۔
رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر اداکارہ نے اپنی روحانی خوشیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا، جس پر ان کے چاہنے والوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔
مہوش حیات نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک دل چھو لینے والی ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں اپنی بہن افشاں حیات کے ہمراہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس مقامات پر دیکھا گیا۔
ویڈیو میں دونوں بہنوں کے خوشگوار لمحات قید کیے گئے ہیں، جب وہ عمرے کے آخری لمحات میں روحانی برکتیں سمیٹ رہی تھیں۔
مہوش حیات نے ویڈیو کے کیپشن میں اللّٰہ کے بے شمار فضل و کرم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ الحمد للّٰہ! اللّٰہ کے بے شمار فضل و کرم کا شکر ہے کہ مجھے اپنی بہن افشاں حیات کے ساتھ عمرہ ادا کرنے کی سعادت حاصل ہوئی، یہ روحانی سفر ہماری اللّٰہ سے قربت کو مزید گہرا کرنے والا ثابت ہوا، جو سکون، غور و فکر اور شکر گزاری سے بھرا ہوا تھا، اللّٰہ تعالیٰ ہمیں اپنی رحمت کے مزید قریب کر دے۔ آمین!
مہوش حیات کی اس خوبصورت پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز انڈسٹری کے نامور ستاروں نے بھی ان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا، متعدد مداحوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ ان کا یہ روحانی سفر قبول فرمائے اور انہیں مزید برکتوں سے نوازے۔
واضح رہے کہ مہوش حیات کا شمار پاکستان کی ان چند اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو اپنی منفرد اداکاری اور جادوئی شخصیت کے باعث ہر پراجیکٹ کو کامیابی سے ہمکنار کر دیتی ہیں، ان کی بے مثال اداکاری اور اسکرین پر موجودگی نے ہمیشہ مداحوں کے دل جیتے ہیں۔