پاکستانی شوبز انڈسٹری کے خوبصورت جوڑے گوہر ممتاز اور انعم گوہر نے مدینہ منورہ سے دلکش تصاویر جاری کردیں۔
گوہر ممتاز اور انعم گوہر کا شمار پاکستان کے معروف فنکاروں میں ہوتا ہے، گوہر ممتاز نے اپنے میوزیکل بینڈ جل کے ذریعے شہرت حاصل کی اور پھر ڈرامہ انڈسٹری میں بھی کامیابیاں سمیٹیں، دونوں نے 2014ء میں شادی کی اور اب ان کا ایک پیارا بیٹا سلیمان بھی ہے۔
گوہر ممتاز اور انعم گوہر ان دنوں مدینہ منورہ میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے رمضان المبارک کی برکتوں سے فیض یاب ہوتے ہوئے شبِ قدر بھی گزاری اور مسجد نبوی ﷺ سے خوبصورت تصاویر شیئر کیں، جوڑے نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہیں لیلۃ القدر کی رات مدینہ میں گزارنے کی سعادت حاصل ہوئی۔
دونوں نے اپنی پوسٹ میں اللّٰہ کے معجزات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ جب ریاض الجنۃ کی زیارت کی اور دعا کی تو اللّٰہ نے ان کی دعا فوراً قبول کرلی اور بغیر کسی خاص کوشش کے انہیں مسجد نبوی ﷺ کے اس مقدس حصے میں جانے کا موقع مل گیا۔
مدینہ منورہ کے روحانی ماحول میں لی گئی خوبصورت تصاویر نے مداحوں کے دل جیت لیے، دونوں فنکاروں کے چہروں پر روحانی سکون اور اطمینان نمایاں ہے۔
گوہر ممتاز اور انعم گوہر کو مدینہ منورہ سے شیئر کردہ تصاویر اور پوسٹ پر مداحوں کی جانب سے محبت بھرے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ لوگوں نے انہیں بابرکت سفر کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔