خوف، وحشت اور جنات کی دنیا پر مبنی ”جیو فلمز“ کی پیشکش فلم ”دیمک“ کا پہلا ٹریلر آج ریلیز کیا جائے گا۔
فلم میں معاشرتی حقیقتوں کو ڈراؤنے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ فلم سچے واقعات پر مبنی ہے۔ نئی فلم ”دیمک“ عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کےلیے تیار ہے۔
یہ فلم ایک ایسے خاندان کی کہانی بیان کرتی ہے جو اپنے گھر میں پیش آنے والے پُراسرار اور خوفناک واقعات کا سامنا کر رہا ہے۔
حقیقت اور سراب کے درمیان الجھی اس کہانی میں ساس اور بہو کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور ایک بیٹے کی دونوں کے درمیان الجھن کو پیش کیا گیا ہے، جو ایک طرف اپنی بیوی کے خوف کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے اور دوسری جانب اپنی بیمار ماں کے پُراسرار رویے سے پریشان ہے۔
فلم کی کاسٹ میں نامور فنکار ثمینہ پیرزادہ، جاوید شیخ، فیصل قریشی، سونیا حسین، بشریٰ انصاری، سمن انصاری، عنایہ عباس اور آریز عباس شامل ہیں۔
کہانی عائشہ مظفر کی تحریر کردہ ہے جس کی ہدایت کاری رافع راشدی کی ہے۔ فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر سید مراد علی ہیں اور ”مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ“ کے تحت ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
فلم کے ویژول ایفیکٹس جولیا میلاس اور ایمیجن میجک کی مہارت کا نتیجہ ہیں جبکہ فلم میں دِل دہلا دینے والی سنسنی خیز آوازوں کی تشکیل صہیب راشدی نے ترتیب دی ہے۔
فلم ”دیمک“ ایک ایسا تجربہ ثابت ہوگی جو شائقین کو خوف، تجسس اور خاندانی جذبات کے ایک نئے جہان میں لے جائے گی۔
یاد رہے کہ ”جیو فلمز“ اس سے قبل بھی کئی مشہور اور شاہکار فلمیں اپنے ناظرین کیلئے پیش کر چکا ہے۔ ان میں خدا کے لیے، بول، طیفا اِن ٹربل، دی لیجنڈ آف مولا جٹ، ڈونکی کنگ اور گلاس ورکر شامل ہیں۔