بھارتی فلمساز، پروڈیوسر، ہدایتکار، اسکرین رائٹر اور اداکار راکیش روشن نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے مرکزی کردار کی حامل فلم کرش 4 کی ہدایتکاری نہیں کر رہے۔ انکے مطابق انہوں نے ذمہ داری آگے بڑھادی ہے۔
75 سالہ سینئر ہدایتکار و فلمساز کے مطابق اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ اگر وہ فلم کو ڈائریکٹ کریں تو کرش 4 بلاک بسٹر ثابت ہوگی، تو اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ اس سے دستبر دار ہوجائیں۔
واضح رہے کہ کرش فرنچائز کے معاملات اب تک راکیش روشن کے پاس تھے لیکن اب کرش فرنچائز کی اس چوتھی فلم کی ہدایتکاری انہوں نے آگے بڑھادی ہے۔
اس فلم میں انکے بیٹے ریتک روشن مرکزی کردار میں ہیں۔ یاد رہے کہ اس فرنچائز کی تینوں سیکوئیل کو اب تک باکس آفس پر کامیابی ملی ہے۔
تاہم اب کون فلم کی ہدایتکاری کرے گا؟ اس حوالے سے راکیش روشن نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اب وقت آگیا کہ میں قیادت کی ذمہ داری آگے بڑھاؤں۔
تاہم انہوں نے نئے ہدایتکار کا نام نہیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک میں فٹ تھا تو یہ سب کچھ ٹھیک تھا کیونکہ میں معاملات کی نگرانی کرسکتا تھا کون کیا بہتر کر رہا ہے؟ اب اگر کل کو میں اپنے حواس میں نہ ہوا تو مجھے یہ ذمہ داری آگے بڑھانا ہوگی۔