• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کامیڈینز اخلاقی حدود سے تجاوز کرنے لگے

تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی کامیڈینز اخلاقی حدود سے تجاوز کرنے لگے، ایک اور فحش اسکینڈل منظر عام پر آگیا ہے۔

بھارت کی اسٹینڈ اپ کامیڈی میں فحش اور نازیبا لطیفوں کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، رنویر الہ آبادیہ کے نازیبا سوال اسکینڈل کے بعد اب ایک اور کامیڈین سواتی سچدیوا بھی نازیبا مزاح کی وجہ سے تنقید کا شکار ہوگئی ہیں۔

بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین سواتی سچدیوا کی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا ہے، اس ویڈیو میں سواتی نے اپنی والدہ کے ساتھ پیش آنے والے ایک مزاحیہ لیکن متنازع واقعے کو بیان کیا ہے۔

ویڈیو میں سواتی نے مذاق کے انداز میں اپنی والدہ اور والد سے متعلق کچھ ایسی باتیں کہیں جنہیں شو کے دوران موجود حاضرین نے ہنستے ہوئے نظر انداز کر دیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے اخلاقیات کی حد سے تجاوز قرار دیا ہے۔

کئی صارفین نے سواتی پر الزام لگایا کہ انہوں نے خاندانی معاملات کو فحش مزاح کا موضوع بنا کر اخلاقی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ 

کچھ نے تو دہلی پولیس کو ٹیگ کر کے سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کر دیا ہے۔

کچھ صارفین نے اس واقعے کا موازنہ حالیہ رنویر الہ آبادیہ کے تنازع سے کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کامیڈی میں نازیبا مواد کا بڑھتا ہوا رجحان تشویشناک ہے۔

دوسری جانب کچھ لوگوں نے سواتی سچدیوا کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لطیفے میں کچھ غلط نہیں ہے اور انہیں آزادی اظہار کا حق حاصل ہے۔

یاد رہے کہ سواتی سچدیوا بھارت کی ایک معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین ہیں جو اپنے بے باک اور نڈر انداز کے لیے جانی جاتی ہیں۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید