• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


بالی ووڈ کے سپر اسٹار، مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنے مداحوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کے لیے یوٹیوب چینل بنا لیا۔

عامر خان نے یوٹیوب پر ’عامر خان ٹاکیز‘ کے نام سے یوٹیوب چینل لانچ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عامر خان نے اپنے یوٹیوب چینل کا اعلان اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا ہے۔

عامر خان کی جانب سے اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی پہلی ویڈیو کہ مطابق وہ اس چینل پر فلم سازی کے پیچھے چھپے رازوں اور عکس بندی کے دوران استعمال کی گئی ٹیکنیکس کو مداحوں کے سامنے لائیں گے۔

بالی ووڈ کے سینئر اداکار نے اپنے یوٹیوب چینل کے تعارف میں اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں بتایا ہے کہ میں ہمیشہ سے چاہتا تھا کہ فلم سازی کے سفر کو میں اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کروں، اب ’عامر خان ٹاکیز‘ کے ذریعے میں آپ کو فلمی دنیا کے وہ راز بتاؤں گا جو آج تک پردے کے پیچھے ہی چھپے رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میرے چینل پر ناصرف ماہرین کی گفتگو، فنکاروں کے انٹرویوز اور فلمی تجربات پر بحث ہو گی بلکہ یہ نئے فلم سازوں اور سنیما کے شوقین افراد کے لیے ایک سیکھنے کا بہترین موقع بھی ثابت ہو گا۔

اداکار عامر خان نے اپنی ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ ’عامر خان ٹاکیز‘ کے ذریعے مداح اب سنیما کی دنیا کو بالکل نئے زاویے سے دیکھ سکیں گے۔

واضح رہے کہ عامر خان اپنی آنے والی نئی فلم ’ستارے زمین پر‘ میں نظر آئیں گے۔ 

فلم پروڈیوسر کے طور پر وہ سنی دیول کے ساتھ فلم لاہور 1947ء میں بھی کام کر رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید