• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کیلئے سندھ حکومت کے 3 کروڑ روپے کے فنڈز جاری

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے حکومتِ سندھ کی جانب سے انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے لیے 3 کروڑ روپے کا چیک صدر سندھ اسکواش ایسوسی ایشن عدنان اسد کے حوالے کر دیا۔

 اس ٹورنامنٹ میں 30 سے زائد ممالک کے کھلاڑی شرکت کریں گے اور 60 ہزار ڈالرز انعامی رقم ہو گی۔

اس موقع پر سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری اور صدر سندھ اسکواش ایسوسی ایشن عدنان اسد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چند دن پہلے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ’آئی ورک فار سندھ‘ پورٹل کا افتتاح کیا، جو پاکستان کا واحد پورٹل ہے جہاں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی نوکریاں دستیاب ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ اب تک 14 لاکھ افراد اس پورٹل کو استعمال کر چکے ہیں جبکہ 2000 سے زائد نوکریوں کے لیے 36,833 درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ورک فرام ہوم سروسز دینے والے لوگوں کو شامل کر کے اس پلیٹ فارم کو مزید وسعت دیں گے۔ 

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ انڈر 23 اسکواش چیمپئن شپ کے انعقاد سے دنیا بھر کے 30 سے زائد ممالک کے کھلاڑی کراچی آئیں گے، جو عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرے گا۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ شرکاء میں 22 ممالک کی خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں، یہ چیمپئن شپ 7 روز تک 80 ممالک میں لائیو دکھائی جائے گی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید