صوبۂ سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے اہلیہ نبیہہ قریشی سے اپنی شادی کی دلچسپ کہانی سنائی ہے۔
گورنر سندھ نے حال ہی میں اہلیہ کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے میزبان کے متعدد دلچسپ سوالات کے جواب دیے اور سیاست سے ہٹ کر دلچسپ گفتگو کی۔
کامران ٹیسوری نے شادی سے متعلق سوال کے جواب میں بتایا کہ ہماری شادی کو 18 سال گزر چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری شادی ارینج میرج تھی جسے ہم نے بعد میں لَو میرج میں بدل لیا تھا۔
گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ اہلیہ سے رشتہ ایک خاتون نے کروایا تھا، میں اہلیہ کی تصویر دیکھنے اور ان سے ملنے سے قبل 100 لڑکیوں کے رشتے دیکھ چکا تھا، اہلیہ نے پہلی بار میری تصویر دیکھی تھی۔
اس موقع پر کامران ٹیسوری کی اہلیہ نبیہہ قریشی نے بتایا کہ میں نے صرف اے لیول کیا تھا جب میرے لیے کامران کا رشتہ آیا، میں اس وقت شادی نہیں کرنا چاہتی تھی، میں نے اور کامران نے شروع شروع میں ایک دوسرے کی تصویر دیکھ کر شادی سے انکار کر دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں ہمارا نکاح ہو گیا، دو سال نکاح رہا اور پھر شادی ہوئی۔
کامران ٹیسوری نے انکشاف کیا کہ میں نے نکاح سے قبل اپنی اہلیہ سے ملاقات کی تھی، اہلیہ نے پہلی ملاقات میں نہ کوئی بات کی تھی اور نہ ہی کچھ کھایا پیا تھا، مگر نکاح کے بعد یہ بہت بولنا شروع ہو گئیں، اب اہلیہ بہت زیادہ بولتی ہیں اور میں انہیں ایک ٹی وی سمجھ کر سنتا ہوں۔