پاکستانی میوزک بینڈ ’جل‘ کے گلوکار و اداکار گوہر ممتاز نے ماضی کے ساتھی فرحان سعید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے یہ ویڈیو شو آف کرنے کے لیے اپ لوڈ کی ہے لیکن آپ اب بھی سُروں میں نہیں گا رہے‘۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل معروف جل بینڈ کے بانی گوہر ممتاز نے نجی پوڈکاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انکشاف کیا تھا کہ فرحان سعید نے بینڈ ’جل‘ سے اس لیے علیحدگی اختیار کی تھی کیونکہ وہ عاطف اسلم بننا چاہتے تھے۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو کلپ خوب وائرل ہوا لیکن فرحان سعید نے اس پر خاموشی اختیار کی اور اس وقت کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
تاہم اب گزشتہ روز فرحان سعید نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جو کہ مختلف کانسرٹز کے مختصر کلپس پر مشتمل ہے۔
فرحان سعید کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں انہیں 9 مختلف شہروں میں پرفارم کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ کانسرٹ کے شرکاء بھی ان کے ساتھ ان کے گانے دہرا رہے ہیں۔
گلوکار نے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ میری اوسط زندگی ہے، میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں‘۔
فرحان سعید کی جانب سے پوسٹ شیئر کرنے کی دیر تھی کہ گوہر ممتاز نے ان کی پوسٹ پر ردّ عمل دیتے ہوئے مذکورہ ویڈیو کا کلپ انسٹااسٹوری میں طویل کیپشن کے ساتھ ری شیئر کیا۔
انہوں نے طویل کیپشن میں اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ ’میرے پیارے چھوٹے بھائی فرحان سعید نے یہ ویڈیو بہت خوبصورت کیپشن کے ساتھ شیئر کی ہے، لیکن میں یہ بتاتا چلوں کہ میں نے انٹرویو میں جو کہا وہ صرف میزبان کے سوال کا جواب تھا، میری کوئی بُری نیت نہیں تھی۔
انہوں نے لکھا کہ میزبان نے مجھ سے سوال کیا تھا کہ میں نے ’جل‘ بینڈ میں جس بھی ’وکلسٹ‘ (مرکزی گلوکار) کو ہائیر کیا اس نے بینڈ کیوں چھوڑ دیا؟ یہ آپ بھی جانتے ہیں کہ آپ کو عاطف اسلم کی جگہ ’عادت‘ گانے کے لیے لایا گیا تھا لیکن آپ اس وقت ’عادت‘ گانے کے لیے عدم اعتماد کا شکار اور سُروں میں بھی نہیں تھے، اس سے زیادہ کچھ نہیں‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ کا بہت شکریہ کہ آپ نے یہ ویڈیو (پنجاب کالج کے شرکا کا) شو آف کرنے کے لیے اپ لوڈ کی لیکن کسی کو چاہئے تھا کہ وہ آپ کو یہ باور کروتا کہ آپ اس میں بھی سُروں میں نہیں ہیں۔ لوو یو اینڈ یور فینز، وہ بھی ’آل‘۔
یاد رہے کہ جل بینڈ 2002 میں بنایا گیا تھا، عاطف اسلم اور فرحان سعید بھی پہلے ’جل‘ کا ہی حصہ تھے۔
عاطف اسلم کی جانب سے ’جل‘ چھوڑنے کے بعد فرحان سعید اس بینڈ کے مرکزی گلوکار رہے، بعد ازاں انہوں نے بھی بینڈ کو خیرباد کہہ کر تنہا گلوکاری شروع کر دی تھی۔