غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باعث غذائی بحران کے دوران بھی فلسطینی بچے نے انسانیت کی مثال قائم کر دی، بھوکی بلیوں کو بھی اپنا کھانا پیش کر دیا۔
مخلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو میں پناہ گزین کیمپ میں موجود بے گھر فلسطینی بچے کو اپنا کھانا بھوکی بلیوں کے ساتھ بانٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ غزہ میں رہائشی عمارت پر حالیہ اسرائیلی حملے میں 3 بچوں سمیت 10 افراد شہید ہو گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے غزہ پر دوبارہ حملے کے نتیجے میں گزشتہ 10 دن کے دوران کم از کم 322 بچے شہید اور 609 زخمی ہوئے ہیں۔
اِن میں وہ بچے بھی شامل ہیں جو 23 مارچ کو جنوبی غزہ کے النصر اسپتال کے سرجیکل وارڈ پر اسرائیلی بمباری میں زخمی ہوئے تھے۔
یونیسیف کا کہنا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر بچے بے گھر تھے اور عارضی خیموں یا تباہ شدہ گھروں میں پناہ لیے ہوئے تھے۔
مغربی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے جنوبی غزہ میں بڑے پیمانے پر انخلاء کا حکم جاری کر دیا ہے اور اپنی جارحانہ کارروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
جواب میں حماس نے دنیا بھر میں اپنے حامیوں سے ہتھیار اٹھانے اور غزہ کے عوام کو بے دخل کرنے کے اسرائیلی منصوبوں کے خلاف لڑنے کی اپیل کی ہے۔