• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈسٹری میں مذہب اور فالوورز کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا گیا: ازیکا ڈینیئل

ازیکا ڈینیل—فائل فوٹو
ازیکا ڈینیل—فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف ماڈل و اداکارہ ازیکا ڈینیل نے انڈسٹری میں مذہب اور سوشل میڈیا فالوورز کی بنیاد پر ہونے والے امتیازی سلوک کا انکشاف کیا ہے۔

’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں اداکارہ نے حال ہی میں شرکت کی، اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا اور دورانِ شو شرکاء کے سوالوں کے دلچسپ جوابات بھی دیے۔

دورانِ شو اداکارہ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں اداکاری کے میدان میں اپنی جگہ بننانے کے دوران کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ سیاست تو انڈسٹری میں عام ہے یہ تو ہوتی ہی ہے لیکن اس کے علاوہ بھی دیگر مسائل ہیں جن میں مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں عام طور پر اس حوالے سے بات نہیں کرتی لیکن ایسا ہوتا ہے، شوبز انڈسٹری اتنی لبرل یا روشن خیال نہیں ہے جتنا تصور کیا جاتا ہے، انڈسٹری میں بھی مذہب کی بنیاد پر فرق کیا جاتا ہے، سینئر فنکار ایسا کرتے ہیں اور کوئی اس کے خلاف آواز بھی نہیں اُٹھاتا کیونکہ سب کو خوف ہوتا ہے کہ اگر کچھ کہا تو مستقبل میں انہیں کام نہیں ملے گا۔

ازیکا نے کہا کہ مجھے متعدد بار ایسی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا ہے جہاں سینئر اداکار کی جانب سے شوٹنگ کے دوران 50 لوگوں کے سامنے مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا، میں بھی ایسی صورت میں مجبوراً خاموش ہو جاتی ہوں کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ یہ لوگ مجھے کینسل کرنے میں دیر نہیں لگائیں گے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آج کل انڈسٹری میں سوشل میڈیا فالوورز کی وجہ سے بھی کام ملتا ہے اور اسی کی بنیاد پر ساتھی فنکار کام کرنے سے انکار بھی کر دیتے ہیں کہ فلاں کے فالوورز کم ہیں ہم ان کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ بہت سارے اداکار و اداکارائیں نئے لڑکے لڑکیوں اور کم فالوورز والے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید