فلم سکندر نے کمائی میں اکشے کمار کی فلم کو پیچھے چھوڑ دیا لیکن پھر بھی فلم کی کمائی متاثر کن قرار نہیں دی جارہی۔
اے آر مروگادوس کی ہدایت کاری میں بننے والی سلمان خان اور رشمیکا مندانا کی فلم سکندر 30 مارچ کو ریلیز ہونے کے بعد سے باکس آفس پر توقعات سے کم کارکردگی دکھا رہی ہے۔
فلم نے اب تک عالمی سطح پر مجموعی طور پر 158 کروڑ 50 لاکھ کا بزنس کیا ہے اور اکشے کمار کی حالیہ ریلیز اسکائی فورس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
فلم کے پروڈیوسرز ناڈیاڈ والا گرینڈ سن نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ سکندر نے عالمی سطح پر 158.5 کروڑ کی کمائی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق فلم کی چوتھے دن کی کمائی مایوس کن رہی ہے، اور فلم نے چوتھے دن بھارت میں 13.85 کروڑ اور بیرون ملک 3.5 کروڑ کمائے۔
یہ ایک نمایاں کمی قرار دی جارہی ہے کیونکہ کیونکہ فلم نے تیسرے دن بھارت میں 27 کروڑ 16 لاکھ روپے جبکہ بیرون ملک سے 8 کروڑ 10 لاکھ کی کمائی کی تھی۔
فلم کا آغاز 54 کروڑ 72 لاکھ سے ہوا تھا جبکہ دوسرے دن یعنی عید کے موقع پر یہ کمائی 105 کروڑ 89 لاکھ روپے تک پہنچ گئی تھی۔
البتہ فلم سکندر سلمان خان کی پچھلی فلم "کسی کا بھائی کسی کی جان" سے بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے جس نے 4 دن میں 126 کروڑ اور اپنی مکمل لائف ٹائم میں 184.6 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔
خیال رہے کہ فلم سنجے راجکوٹ (سلمان خان) کی کہانی بیان کرتی ہے جسے سب پیار میں سکندر کہتے ہیں۔ وہ اپنی ہمدردی اور رحم دلی کے لیے مشہور ہے۔ اس کی بیوی سائیشری (رشمیکا مندانا) اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
کہانی میں سنجے ایک بدعنوان وزیر اور اس کے بگڑے ہوئے بیٹے کے خلاف کھڑا ہوتا ہے۔
فلم میں ستیہ راج، کاجل اگروال، شرمن جوشی، پرتیک ببر، کشور، جتن سرنا اور سنجے کپور بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔