• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانیانِ پاکستان کے عظیم وژن کو سراہتے ہیں، ڈاکٹر محمد فیصل

فوٹو: جنگ
فوٹو: جنگ

پاکستان کے برطانیہ میں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد کرنے والے بزرگوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بانیانِ پاکستان کے عظیم وژن کو سراہا ہے۔

ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے یومِ پاکستان استقبالیہ ’پاکستان ہاؤس‘ لندن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا معاشی استحکام واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور دیگر معاشی اشاریے مثبت رجحان کی طرف گامزن ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ برطانوی پاکستانی سیاست، صحت، فنون، سائنس، کاروبار اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات میں برطانیہ میں بسنے والے 17 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کا اہم کردار ہے، پاکستانی نژاد برطانوی شہری تعلقات کو مستحکم کرنے میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ برطانیہ میں بسنے والے پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے کو فروغ دے کر دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔

اس موقع پر مہمان خصوصی برطانیہ کے پاکستان کے لیے تجارتی ایلچی ایم پی محمد یاسین نے کہا کہ امید ہے دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی و کاروباری حجم مزید بڑھے گا۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی امور، انجینئر امیر مقام اس تقریب میں بطورِ خاص شریک ہوئے، علاوہ ازیں لارڈ قربان حسین، علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی، سابق مئیر لوٹن ریاض بٹ سمیت برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین، سفارتکار، سینئر سول، عسکری نمائندگان اور دیگر تقریب میں موجود تھے۔

تقریب میں صدرِ پاکستان کی جانب سے ہائی کمشنر نے پاکستان کے معروف شاعر، مرحوم ناصر کاظمی کے صاحبزادے، جناب بصیر کاظمی کو ان کے والد محترم کا نشانِ امتیاز پیش کیا۔

تقریب میں معروف برطانوی پاکستانی اسٹائلسٹ عدنان انصاری کی جانب سے ’تھریڈز آف ہیریٹیج: پاکستان کی لازوال خوبصورتی‘ کے عنوان سے ایک فیشن شو بھی منعقد ہوا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید