سینئر اداکارہ و ماڈل عفت عمر نے اپنی پسندیدہ خاتون سیاست دان، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے خفگی کا اظہار کیا ہے۔
حالاتِ حاظرہ اور سیاست پر اپنی بے باک رائے کا اظہار کرنے والی معروف شخصیت عفت عمر نے حال ہی میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر نیا پیغام شیئر کیا ہے۔
اداکارہ نے بتایا ہے کہ ہر کوئی مجھ سے انباکس میں پوچھتا ہے کہ میں نے سیاست پر اپنی رائے دینا کیوں چھوڑ دی ہے۔
انہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھا ہے کہ حکومت کے ساتھ ذاتی تجربے کے بعد میرا جواب یہ ہے کہ سیاست اب ختم ہو چکی ہے۔
عفت عمر نے اپنے ایکس پیغام میں لکھا ہے کہ میرے پاس تحریکِ انصاف کے خلاف صرف ایک وجہ ہے کہ پی ٹی آئی اپنی ناکامی کو قبول نہیں کرتی۔
مسلم لیگ ن اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی حامی اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں مریم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مریم نواز اگر آپ نے یہی کرنا تھا تو پہلے ہی کر لیتیں، آپ نے ووٹ کو عزت دینے کا دعویٰ کیوں کیا تھا؟ گزشتہ چند برسوں میں آپ نے اپنی سیاست کا خاتمہ کر لیا ہے، مجھے شدید مایوسی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اقتدار میں ہر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ یہ سب جانتے ہیں، آپ کو بتاتے ہوئے معذرت، آپ کچھ نہیں جانتے، اقتدار صرف طاقت دیتا ہے علم نہیں۔