ترجمان حکومتِ بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ اگر اختر مینگل بضد رہیں گے تو حکومت کے پاس آپشنز موجود ہیں۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سردار اختر مینگل کے ساتھ حکومتی کمیٹی نے دو نشستیں کی ہیں، صوبائی حکومت نے انہیں سریاب روڈ پر جگہ کی پیشکش کی ہے۔
ترجمان حکومتِ بلوچستان شاہد رند نے بتایا ہے کہ بی این پی ریڈ زون میں احتجاج کرنا چاہتی ہے، اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ بی این پی کوئٹہ کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کر چکی ہے، وہاں دفعہ 144نافذ ہے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی گئی تو قانون اپنا راستہ لے گا۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ اختر مینگل بضد ہیں کہ ان کا احتجاج ریڈ زون پر ہو گا، افغان مہاجرین سے متعلق وفاقی حکومت کے فیصلے پر من و عن عمل ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی کوشش یہی تھی کہ سیاسی ڈائیلاگ سے معاملے کو حل کیا جائے، جس کے لیے دونوں اطراف کو لچک دکھانا ہو گی۔