بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ مگدھا چاپھیکر اور رویش ڈیسائی نے راہیں جدا کرلیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مگدھا چاپھیکر اور رویش ڈیسائی نے باضابطہ طور پر اپنی علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے، جس سے ان کی 9 سالہ شادی اختتام کو پہنچ گئی۔
دونوں 2014 میں ٹی وی ڈرامے ’سترنگی سسرال‘ کے سیٹ پر ملنے کے بعد 2016 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ مگدھا چاپھیکر اور رویش ڈیسائی نے سوشل میڈیا پر دل کو چھو لینے والے ایک بیان کے ذریعے علیحدگی کی خبر شیئر کی۔
رویش ڈیسائی نے انسٹاگرام پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا: ’’کافی غور و فکر کے بعد مگدھا اور میں نے بطور میاں بیوی علیحدہ ہونے اور اپنی اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہمارا سفر خوبصورت رہا ہے۔ محبت، دوستی اور احترام کا یہ رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔‘‘
اگرچہ دونوں اداکار پچھلے ایک سال سے اپنی ذاتی زندگی کو عوامی نگاہوں سے دور رکھے ہوئے تھے، لیکن انہوں نے اپنے بیان میں جھوٹی افواہوں پر یقین نہ کرنے کی بھی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہم اپنے مداحوں، خیرخواہوں اور میڈیا سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ مہربانی اور تعاون کا مظاہرہ کریں اور ہمیں اس مرحلے میں سکون اور پرائیویسی دیں۔ براہِ کرم کسی بھی جھوٹی خبر یا بیان پر یقین نہ کریں۔ آپ کی محبت اور سپورٹ کا شکریہ۔"
مگدھا ’’کم کم بھاگیا‘‘ میں پراچی مہرا کے کردار سے شہرت پائی اور اب بھی اپنی پرفارمنس پر خوب داد وصول کر رہی ہیں، جبکہ رویش حال ہی میں 2024 میں ریلیز ہونے والی فلمز "CTRL" اور "وجے 69" میں اہم کرداروں میں نظر آئے۔