معروف یوٹیوبر سعد رحمٰن المعروف ڈکی بھائی کی جانب سے اداکاروں سے متعلق دیے گئے بیان پر سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ فضیلہ قاضی نے ڈکی بھائی کی اداکارہ بشریٰ انصاری اور دیگر فنکاروں سے متعلق وائرل بیان کی ویڈیو پر کمنٹ کیا ہے۔
اداکارہ نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بھائی میں آپ کو صرف یہ بتانا چاہتی ہوں کہ تمام اداکار اور اداکارائیں ایک جیسی نہیں ہوتیں، اس لیے براہِ کرم جب آپ پورے ایک شعبے کی بات کر رہے ہوں تو بہتر اور قابلِ احترام زبان استعمال کریں۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ لیکن ہاں! آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں دنیا بدل رہی ہے، ہمیں اسے قبول کرنا چاہیے اور اسے دوسروں کے لیے بھی قابلِ احترام بنانا چاہیے۔
اداکارہ فضیلہ قاضی کا اپنے کمنٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ عام طور پر ہم میں سے بھی اکثر اداکار یوٹیوبرز کی تعریف کرتے ہیں اور ہاں ہمارے اپنے یوٹیوب چینلز بھی ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو کے دوران میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈکی بھائی نے کہا تھا کہ میں بشریٰ انصاری کو نہیں جانتا، مجھے ان کے بس چہرے سے معلوم ہے کہ یہ اداکارہ ہیں۔
ڈکی بھائی نے کہا تھا کہ ٹی وی انڈسٹری کے اداکار اور اداکارائیں احساسِ کمتری کا شکار ہیں، یہ ڈیڈ لوگ ہیں، یہ ڈائریکٹرز کی انگلیوں پر ناچتے ہیں، ان کی اپنی کوئی محنت نہیں ہوتی، کردار حاصل کرنے کے لیے یہ بہت پاپڑ بیلتے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ٹی وی فنکاروں کے ڈرامے دیکھنے والے کون ہیں؟ ٹی وی کا دور ختم ہو چکا ہے۔
ڈکی بھائی نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ہم سب کو نئے آنے والے بندوں کی عزت کرنی چاہیے۔