عراق میں قدیم میسوپوٹیمیا تہذیب سے جڑا 6 ہزار سال پرانا نہری نظام دریافت ہوگیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جیوآرکیولوجسٹ جعفر جوتھری کی زیرِ قیادت ٹیم نے قبل از مسیح دور کا پیچیدہ نظامِ آبپاشی کے آثار تلاش کیے ہیں۔
یہ آثار عراق کے شہر بصرہ کے قریب ملے ہیں جن کو اس سے قبل جدید دور میں کسی نے نہیں دیکھا تھا۔
دریافت ہونے والے ان آثار کو دیکھ کر اس زمانے میں زراعت اور آبپاشی کے معاملات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کس طرح قدیم وقتوں میں لوگ دریائے فرات سے کھیتوں کو پانی فراہم کیا کرتے تھے۔
یہ دریافت اس عمل کا بھی ثبوت دیتی ہے کہ قدیم میسو پوٹیمیا کے لوگ نا صرف بہترین نہری نظام رکھتے تھے بلکہ وہ زمین اور جغرافیے سے فائدہ اٹھانے کا ہنر بھی جانتے تھے۔