امریکی شہری نے 24 گھنٹوں میں 10001 پل اپس لگا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ واپس حاصل کرلیا۔
امریکی شہری ٹروٹ ہینز نے غیر معمولی عزم اور محنت کی مثال قائم کرتے ہوئے 24 گھنٹوں میں 10001 پل اپس لگا کر ایک بار پھر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
ٹروٹ ہینز نے پہلی بار یہ ریکارڈ 2023 میں قائم کیا تھا، جب انہوں نے 24 گھنٹوں کے دوران 8100 پل اپس مکمل کیے تھے، تاہم حیرت انگیز طور پر صرف ایک دن بعد ہی آسٹریلوی شہری گیری لائیڈ نے 8600 پل اپس کر کے یہ ریکارڈ چھین لیا تھا۔
اب ٹروٹ ہینز نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے 10001 پل اپس کے ساتھ یہ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرلیا ہے، ان کی یہ کاوش نہ صرف جسمانی قوت کا ثبوت ہے بلکہ ان کے عزم اور ثابت قدمی کی بھی واضح مثال ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ سے گفتگو کرتے ہوئے ٹروٹ ہینز نے کہا کہ مجھے اپنی ذات کے بارے میں یہ جاننے کو ملا کہ میں ہار نہیں مانتا، میرے پاس کوئی خاص صلاحیت نہیں تھی لیکن میں مسلسل محنت اور استقامت سے کام لیتا رہا، اگر یہ کام مکمل ہونے میں برسوں بھی لگتے تب بھی میں ہار نہ مانتا۔