غزہ سے حماس نے اسرائیل پر راکٹ حملہ کیا ہے، اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ حماس نے اسرائیل کے جنوبی علاقے اشدود کی طرف 10راکٹ فائر کیے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ سے اسرائیل کے جنوبی علاقے اشدود کی طرف راکٹ فائر کیے، زیادہ تر راکٹ اسرائیلی دفاعی نظام آئرن ڈوم نے تباہ کردیے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق راکٹ حملے پر اسرائیلی شہریوں کو جان بچانے کے لیے بھاگنا پڑا، ہزاروں اسرائیلی شہری کئی گھنٹوں تک سرنگوں میں رہنے پر مجبور ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راکٹوں کے متعدد حصے اسرائیلی شہر اشکلون میں بھی گرے جس سے ایک شخص زخمی اور سڑک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ متعدد گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق راکٹ حملوں سے فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حالیہ مہینوں میں اسرائیل پر غزہ کی طرف سے کیا جانے والا سب سے بڑا راکٹ حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔