ایتھنز (صباح نیوز)یونان سے ایک اور افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں غیر قانونی تارکینِ وطن کو لے جانے والی ایک اور کشتی حادثے کا شکار ہو گئی۔ترکیہ سے روانہ ہونے والی ایک کشتی یونانی جزیرے کاستیلوریزو پہنچنے کی کوشش کے دوران ڈوب گئی۔ کشتی میں 40افراد سوار تھے جن میں 13معصوم بچے بھی شامل تھے۔یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثے کے بعد فوری ریسکیو آپریشن کیا گیا جس میں 38تارکین وطن اور ایک انسانی سمگلر کو زندہ بچا لیا گیا، جبکہ ایک شخص کی لاش سمندر سے نکال لی گئی۔ ڈوبنے والے شخص کی قومیت، جنس یا عمر کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔رپورٹس کے مطابق ربڑ کی کشتی کی گنجائش صرف 8سے 10افراد کی تھی، لیکن انسانی سمگلر نے زیادہ منافع کے لالچ میں 40افراد کو سوار کرا دیا۔