• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی بحری جہاز ’’ یو ایس ایس ٹرومین‘‘ کو 16 مرتبہ نشانہ بنایا، حوثی

کراچی(نیوزڈیسک)حوثیوں نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ’’ USS ٹرومین ‘‘ کو 16 بار نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ یاد رہے حوثیوں کے حملوں کے جواب میں 15مارچ ہفتہ کی رات سے حوثیوں پر امریکی حملے جاری ہیں۔ تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس بات کی نشاندہی نہیں کی کہ اس بحری جہاز کو نشانہ بنایا گیا اور اسے کوئی نقصان پہنچا ہے۔ مبصرین امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ’’ یو ایس ایس ٹرومین‘‘ کو ’’ سمندری دیو‘‘ قرار دیتے ہیں۔ یہ بحری جہاز بہت سی عسکری صلاحیتوں سے مالا مال ہے۔اس بحری جہاز کو ایک موبائل آپریشن بیس کے طور پر ڈیزائن کیا گیا تھا جو کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ مشن انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دفاعی ماہرین کا خیال ہے کہ یہ امریکی بحریہ کے سب سے طاقتور فوجی ٹکڑوں میں سے ایک ہے۔ اس کا نام تینتیسویں امریکی صدر ہیری ٹرومین کے نام پر رکھا گیا ہے۔ اسے بنانے میں تقریباً پانچ سال لگے تھے۔ اسے 1998میں باضابطہ طور پر سروس میں داخل کیا گیا تھا۔

دنیا بھر سے سے مزید