ہیوسٹن(رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ) فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہیوسٹن اور ہیریس کاؤنٹی میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 30 غیر قانونی گیم رومز پر چھاپے مارے، جس کے نتیجے میں 45 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار شدگان میں پاکستانی نژاد کاروباری افراد، عملہ اور دو پولیس افسران بھی شامل ہیں، جن پر ان غیر قانونی جوئے کے اڈوں کو تحفظ فراہم کرنے کے الزامات ہیں۔ایف بی آئی نے اس کارروائی کے دوران پاکستانی نژاد مبینہ جوئے کے اڈے کے مالک کے گھر پر بھی چھاپہ مارا، جس کی ویڈیوز قریبی رہائشیوں نے ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ اس آپریشن کے دوران ایک وسیع کرپشن نیٹ ورک بے نقاب ہوا، جس میں غیر قانونی جوئے کے اڈوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بعض کرپٹ اہلکاروں کے درمیان رشوت اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا۔