• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ: صحافیوں کے خیموں پر اسرائیلی حملہ، 1 صحافی سمیت 2 افراد شہید، 7 زخمی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

خان یونس میں النصر اسپتال کے قریب صحافیوں کے خیموں پر ہونے والی بمباری سے خیموں میں آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں 1 صحافی سمیت 2 افراد زندہ جل گئے جبکہ 7 شدید جھلس گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ حملے میں شہید ہونے والے صحافی حلمی الفقاوی کی شہادت کے بعد اکتوبر 2023ء سے اب تک جاں بحق ہونے والے صحافیوں کی تعداد 210 ہو گئی یے۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ حملہ النصر اسپتال کے قریب کیا گیا جہاں بے گھر افراد خیموں میں پناہ لیے ہوئے تھے۔

اس بم باری میں متعدد فلسطینی شہری شہید اور زخمی ہوئے، ان خیموں میں صحافی بھی موجود تھے جو جنگ زدہ علاقے کی رپورٹنگ کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ یکم اپریل کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں واٹسن انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیئرز نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ میڈیا ورکرز کے لیے اب تک کی سب سے مہلک ثابت ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک 232 صحافیوں کو جان سے مارا ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ دونوں عالمی جنگوں، ویتنام کی جنگ، یوگوسلاویہ کی جنگوں اور افغانستان میں امریکی جنگ کے مقابلے میں غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں زیادہ صحافی مارے گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید