• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، بجلی چوروں کیخلاف سیپکو کا گرینڈ آپریشن، 400 غیرقانونی کنکشنز منقطع

سکھر(بیورو رپورٹ) سیپکو کی ٹیموں نے سپرنٹنڈنٹ انجنیئرعبدالغفار ماکو کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 400سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع کر کے ہزاروں میٹر تار قبضے میں لے کرمتعددافراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سپرنٹنڈنٹ انجنیئر عبدالغفا رماکو کے مطابق سکھر سرکل کے تینوں اضلاع سکھر، گھوٹکی اور خیرپور میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا گیا ہے، اس آپریشن کے دوران سیپکو کی ٹیموں نے تینوں اضلاع کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا، اس دوران 400سے زائد بجلی کے غیر قانونی کنکشن منقطع کر کے ہزاروں میٹر تار تحویل میں لے لی گئی، تمام سیپکو افسران کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ سب ڈویژن سطح پر اپنی حدود میں بجلی کی چوری کی روک تھام اور بقایاجات کی وصولی کو یقینی بنائیں ، صارفین بجلی کو بلا جواز ڈیڈکشن اور زائد ریڈنگ کے بل ارسال نہ کئے جائیں، ایسا کرنے والے سیپکو افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام کو جس قدر ممکن ہو سکے ریلیف فراہم کیا جائے، عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ سیپکو کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے بقایاجات کی ادائیگی اور جن لوگوں نے غیر قانونی طور پر بجلی کے کنکشن حاصل کر رکھے ہیں وہ اپنے کنکشن فوری طور پر ختم کر کے سیپکو افسران سے رابطہ کریں انہیں قانونی طور پر فوری کنکشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اس سے وہ کسی بھی ممکنہ کارروائی سے محفوظ رہ سکیں گے بصورت دیگر بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف نئے ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو سیپکو کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا گیا ہے اور بجلی چوری میں جو بھی شخص ملوث ہوگا اس کے خلاف نئے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بجلی چوری کے خاتمے اور بقایاجات کی وصولی کے لئے سیپکو کے متعدد افسران پر مشتمل ٹیمیں مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں،انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی علاقے میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو  ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ افسران شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کو یقینی بنائیں، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنے والے افسران کے خلاف بھی محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تمام سب ڈویژن افسران اپنے دفاتر میں صبح کے وقت دو ، سے تین گھنٹے موجود رہیں تاکہ سیپکو دفاتر آنے والے صارفین بجلی کے مسائل کا فوری طور پر ازالہ ممکن بنایا جاسکے۔ 
تازہ ترین