• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسر حسین کا تھیٹر پلے منکی بزنس شدید تنقید کی زد میں

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

یاسر حسین کا تھیٹر پلے منکی بزنس شدید تنقید کی زد میں ہے، ڈرامے میں بالی ووڈ گانوں پر پرفارمنس سے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا۔

پاکستانی اداکار، ہدایت کار اور مصنف یاسر حسین ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، لیکن اس بار وہ شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

یاسر حسین کا تھیٹر ڈرامہ Monkey Business جو ان دنوں آرٹس کونسل کراچی میں 5 اپریل سے 20 اپریل تک پیش کیا جا رہا ہے، مختلف حلقوں میں زیرِ بحث ہے۔

ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں یاسر حسین اور عمر عالم شامل ہیں، پہلے شو میں شوبز کے کئی ستارے موجود تھے جن میں اقراء عزیز، صبور علی، علی انصاری، اعجاز اسلم، فیصل قریشی اور دیگر شامل تھے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں یاسر حسین اور عمر عالم کو خواتین کا لباس پہنے، بالی ووڈ گانوں جیسے ساکی ساکی اور سے شوا شوا پر رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ان مناظر نے عوامی حلقوں میں شدید ناراضی پیدا کی ہے۔

بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے یاسر حسین پر منافقت کا الزام لگایا ہے، ایک صارف نے لکھا کہ یہی توقع تھی یاسر حسین سے جو ہمیشہ دوسروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، خود بھارتی گانوں پر ناچتے ہیں۔

ایک اور صارف نے کہا کہ یہ لوگ ٹی وی پر بھارتی مواد کو برا کہتے ہیں اور اپنی نجی پارٹیوں اور ڈراموں میں بھارتی گانوں کو پروموٹ کرتے ہیں، کیا دہرا معیار ہے؟

کچھ صارفین نے مذہبی تناظر میں بھی سخت الفاظ استعمال کیے کہ یہی حال ہے نام نہاد مسلمانوں کا ناچتے گاتے مر جائیں گے۔

جبکہ بعض نے پاکستانی ڈراموں کی قدر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو اپنے اصل ڈراموں پر فوکس کرنا چاہیے، ناچ گانے کی نقل میں نہیں جانا چاہیے۔

تاحال یاسر حسین کی جانب سے اس تنازع پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی ہے، لیکن سوشل میڈیا پر ان کے ناقدین اور مداح دونوں کے درمیان گرما گرم بحث جاری ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید