پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ آمنہ ملک نے شوبز انڈسٹری میں کی جانے والی بدسلوکیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کو شوبز انڈسٹری کا حصہ نہیں بنانا چاہتیں۔
اداکارہ آمنہ ملک نے ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو کے دوران مختلف سوالات کے جواب دیے اور دلچسپ موضوعات پر بات کی۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے ساری زندگی انڈسٹری میں گزاری ہے اور ابھی بھی اس انڈسٹری کا حصہ ہوں مگر میں نہیں چاہوں گی کہ میری بیٹیاں اس شعبے سے وابستہ ہوں۔
اداکارہ نے اپنے اس بیان کی وضاحت میں کہا کہ ہمارے ہاں راتوں رات اداکار نہیں بنا جاتا، اداکار بننے کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے اور جدوجہد کے اس سفر میں بہت سی اور چیزیں بھی شامل ہوتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارائیں دیگر اداکاراؤں اور اسٹاف کے ساتھ بہت برا رویہ اختیار کرتی ہیں، جس طرح سے بات کی جاتی ہے میں کبھی نہیں چاہوں گی کہ میری بیٹی سے کوئی اس طرح سے بات کرے یا اُسے بری نظر سے دیکھا جائے۔
اداکارہ نے انٹرویو کے دوران کسی شخصیت کا نام لیے بغیر انکشاف کیا کہ انڈسٹری میں بہت سے ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو کہتے ہیں ہم کراچی آ رہے ہیں، آپ آج کیا کر رہی ہیں، کیا آپ کافی پینے چلیں گی؟ میں ایسی پیشکش پر انکار کر دیتی ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ میں نے اداکاراؤں کو عملے یا دیگر ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ منفی رویہ اختیار کرتے دیکھا ہے مگر مرد حضرات ایسا نہیں کرتے، مردوں میں یہ عادت نہیں ہوتی کہ وہ کسی کو سیٹ پر بلا وجہ ڈانٹیں یا کسی کو کم تر محسوس کروائیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ، میزبان و ماڈل آمنہ ملک کی 2 بیٹیاں ہیں۔