• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمعون عباسی کا ڈکی بھائی کو کرارا جواب


شمعون عباسی نے ڈکی بھائی کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب جانتے ہیں کہ بشریٰ انصاری کون ہیں، تمہارے دادا بھی جانتے ہوں گے۔

پاکستانی اداکار اور ہدایت کار شمعون عباسی جنہیں ان کی بے باک رائے اور شوبز برادری کے دفاع سے متعلق جانا جاتا ہے، ایک بار پھر سرخیوں میں آ گئے ہیں۔

چند دن قبل انہوں نے اداکار فہد مصطفیٰ کی حمایت میں یوٹیوبر رجب بٹ کو آڑے ہاتھوں لیا تھا، جس کی ویڈیو خوب وائرل ہوئی تھی۔

اب انہوں نے یوٹیوبر ڈکی بھائی کو نشانے پر لیا ہے، جنہوں نے سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔

شمعون عباسی نے ویڈیو لنک کے ذریعے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی اور ڈکی بھائی کے بیان پر تفصیلی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈکی نے جو کہا، اُس کا جواب یہ ہے کہ تمہارے ابا، دادا، پردادا بھی بشریٰ انصاری کو جانتے ہوں گے، تم خود بچپن میں ان کے ڈرامے دیکھتے رہے ہو گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام یوٹیوبرز کے خلاف نہیں ہیں، صرف ان کے خلاف ہیں جو فضول مواد بنا کر یوٹیوب پر بیچتے ہیں، بشریٰ انصاری کا کہنا بالکل درست تھا کہ ہم تمہیں نہیں جانتے۔

شمعون عباسی نے یوٹیوبرز کے وی لاگنگ کلچر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تم کہتے ہو کہ تمہارے کانٹینٹ میں محنت ہے، لیکن روز اپنے بیڈ روم سے باتھ روم تک کی ریکارڈنگ محنت نہیں، بلکہ بے مقصد ویڈیو سازی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا کے کچھ ان فِلٹرڈ یوٹیوبرز ادب، اخلاق اور صحافتی آداب سے ناواقف ہوتے جا رہے ہیں۔

میزبان نادیہ خان نے بھی شمعون عباسی کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ یہ یوٹیوبرز میڈیا ٹرینڈ نہیں ہوتے، اسی لیے اکثر عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہوتے ہیں اور ان کا غیر ذمے دارانہ رویہ انہیں مشکل میں ڈال دیتا ہے۔

ڈکی بھائی نے حال ہی میں سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی جانب سے ڈیلی وی لاگرز پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں نہیں جانتا کہ بشریٰ انصاری کون ہیں۔

اس بیان نے ناصرف سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا بلکہ سینئر فنکاروں میں بھی غصے کی لہر دوڑا دی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید