قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، حالیہ کوچ و کمنٹیٹر وقار یونس نے پاکستان سپر لیگ 10 کے اینتھم کی تعریف کی ہے۔
وقار یونس نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام کے ذریعے پی ایس ایل 10 کے ترانے اور اس کے گلوکاروں کو سراہا ہے۔
وقار یونس نے اپنے ایکس پیغام میں لکھا ہے کہ پی ایس ایل 10 کے لیے آپ نے کیا شاندار ترانہ بنایا ہے، آپ سب مل کر اسٹیڈیم میں دھمال ڈالنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اپنے اس پیغام میں گلوکار علی ظفر، بھنگڑا گانوں کے لیے مشہور ابرار الحق، ریپر طلحہٰ انجم اور گلوکارہ نتاشہ بیگ کو ٹیگ بھی کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وقار یونس نے کہا تھا کہ پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے ٹیمیں بہت کم ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کو پی ایس ایل سے متعلق تجاویز پیش کی ہیں، میرے خیال میں پی ایس ایل جیسے بڑے برانڈ کے لیے 6 ٹیمیں بہت کم ہیں۔