بھارتی ٹی وی و فلم اداکارہ و ماڈل گوہر خان اور ان کے شوہر زید دربار نے اپنے یہاں دوسرے ننھے مہمان کی متوقع آمد سے متعلق پوسٹ شیئر کی ہے۔
گوہر خان اور زید دربار نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک مشترکہ پوسٹ شیئر کی ہے۔
اس مختصر سی ویڈیو میں اس خوبصورت جوڑے کو خوش گوار موڈ میں ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں اداکارہ گوہر خان اور زید دربار نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے یہاں جَلد دوسری اولاد کی پیدائش متوقع ہے۔
بھارتی ریئیلیٹی شو بگ باس 7 کی فاتح گوہر خان اور بھارتی انفلوئنسر زید دربار نے اپنی اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ بسم اللّٰہ، آپ کی دعاؤں اور محبتوں کی ضرورت ہے۔
41 سالہ اداکارہ اور 29 سالہ زید دربار کو اس پر ان کے مداحوں و شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ گوہر خان اور زید دربار نے 2020ء میں شادی کی تھی جبکہ ان کے یہاں 2023ء کی مئی میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔
اس جوڑے نے گزشتہ سال رمضان المبارک میں عمرے کی ادائیگی کے دوران اپنے بیٹے کا چہرہ سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ شیئر کیا تھا۔