غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف لندن میں امریکی سفارت خانے کے تالاب کا پانی خون جیسا سرخ ہو گیا، گرین پیس کے 5 کارکن کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
برطانیہ میں ماحولیاتی تنظیم گرین پیس کے کارکنوں نے غزہ جنگ کے خلاف منفرد احتجاج کرتے ہوئے لندن میں واقع امریکی سفارت خانے کے تالاب میں خون جیسا سرخ رنگ ڈال دیا، جس کے بعد پولیس نے تنظیم کے برطانوی سربراہ سمیت 5 افراد کو گرفتار کر لیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گرین پیس کے مظاہرین نے اسرائیل کو امریکا کی جانب سے ہتھیاروں کی فروخت کے خلاف یہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
انہوں نے 300 لیٹر بایو ڈیگریڈیبل سرخ رنگ سفارت خانے کے تالاب میں شامل کیا، جس کے بعد پانی کا رنگ خون جیسا نظر آنے لگا۔
گرین پیس کے مطابق تنظیم کے برطانوی ڈائریکٹر ول میک کیلم دیگر کارکنوں کے ہمراہ ڈیلیوری سائیکل سواروں کے روپ میں ہائی سیکیورٹی امریکی سفارت خانے میں داخل ہوئے اور رنگ تالاب میں شامل کیا۔
پولیس نے تمام افراد کو مجرمانہ نقصان پہنچانے کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا ہے، جس کی سزا برطانوی قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ 10 سال قید ہو سکتی ہے۔
گرین پیس کی شریک ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اریبہ حامد کا کہنا ہے کہ ہم نے یہ پُرامن مظاہرہ اس لیے کیا کیونکہ امریکی ہتھیار ایک ایسی جنگ کو ہوا دے رہے ہیں جس میں اسکولوں، اسپتالوں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، غزہ میں ہزاروں بے گناہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور پورا علاقہ کھنڈر بن چکا ہے۔
میٹرو پولیٹن پولیس نے واقعے پر فوری تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔