کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل میں اپنے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ناکامی سے دوچار ہونے والی لاہور قلندر نے دوسرے میچ میںکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر جیت کا کھاتہ کھول لیا، قلندر کے بیٹرز اور بولرز نے بھر پور دھمال ڈالا، پہلے بیٹنگ اور بعد میں بولنگ میں گلیڈی ایٹرز کو پریشان کردیا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہفتے کو اپنے پہلے میچ میں پشاورزلمی کو79 رنز سے مات دی تھی۔اتوار کو پنڈی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے ٹاس ہارنے کے بعدپہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مزاحمت میں ناکام رہی اور16.2اوورز میں صرف 140رنز پر پویلین پہنچ گئی،لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان نےگیندوں پر 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کے اسکور میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔سیم بلنگز 19گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ناقال شکست رہے۔ سیم بلنگز نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔دونوں کی شان دار اننگز نےلاہور کو بڑے ٹوٹل کا موقع فراہم کیا۔ان کے علاوہ عبداللہ شفیق اور ڈیرل مچل نے 37، 37 رنز بنائے۔ محمد نعیم 10 اور سکندر رضا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔شاہین آفریدی نے 3 رنزبنائے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین اور ابرار احمد نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فہیم اشرف اور عثمان طارق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں کوئٹہ کی اننگز کا آغاز مایوس کن ہوا،صرف دو رنز پر کپتان سعود شکیل ایک رن بناکر آوٹ ہوگئے،تین کے اسکور پر حسن نواز بھی ایک رن بناکر وکٹ چھوڑ گئے،9 رنز پر فن ایلن بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے،کوشل مینڈس نے28رنز 14گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اسکور کئے، رائیلی روسو نے 19گیندوں کا سامنا کیا،چار چوکوں اور چار چھکوں سے44رنز بنائے، شعیب ملک14عقیل حسین13،محمد عامر ایک اور ابرار احمد چھ رنز بناسکے،فہیم اشرف نے 21رنز بنائے جس میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا،عثمان طارق پانچ رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، راشد حسین نے31رنز کے عوض تین جبکہ شاہین آفریدی نے چھ آصف آفریدی نے20رنز دے کر دو، دو کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا،سکندر رضا نے12رنز دے کر دو وکٹ لئے،حارث رئوف نے ایک کھلاڑی آوٹ کیا۔