کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) قومی گیمز کیلئے آرگنائزر کو فنڈ کی ابتدائی رقم کا چیک جاری کردیا گیا، جس کے بعد کے ایم سی اسپورٹس کمپلکس میں گیمز سکریٹریٹ میں شروع ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت چند دنوں میں مزید فنڈ جاری کردے گی، ہاکی ایونٹ میں میئر کراچی مرتضی وہاب کی سر براہی میں سرگرم سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کی ٹیم کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ادھر سندھ ہاکی ایسوسی ایشن نے اپنی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کیلئے کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، چیف سلیکٹر افتخار سید نے کہا ہے کہ 35 کھلاڑیوں کو کیمپ میں مدعو کیا گیا ہے۔ دریں اثنا سافٹ بال ایونٹ کے انتظامی امور کے حوالے سے خصوصی اجلاس سافٹ بال فیڈریشن کے صدر آصف عظیم کی صدارت میں ہوا۔ ریسلنگ ٹیم کے ٹرائلز اور ریفری ججز ریفریشرز کورس ٹنڈو جام میں مکمل ہوگئے۔ سندھ کے ریسلرز57 ، 61 ، 65 ، 70 ،74 ،79 ،86 ،92 ،125 کے جی ویٹ کٹیگریز میں حصہ لیں گے ۔ سندھ کی مینز اور ویمنز والی بال ٹیموں کے ٹرائلز 19اپریل کو کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے۔