کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل میں تماشائیوں کی عدم دل چسپی اور خالی اسٹیڈیم سے جہاں کھلاڑی اور مبصرین حیرت زدہ ہیں، وہی پی سی بی حکام بھی خاصے پریشان ہیں، ہفتے کو نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی اور ملتان سلطانز کے میچ میں جہاں دو سنچریاں اسکور ہوئی،میچ دل چسپ انداز میں کراچی کے حق میں تبدیل ہوا، وہاں اسٹیڈیم میں تین ہزار سے بھی کم تماشائی اسٹیڈیم میں موجود تھے،معروف غیر ملکی پریزینٹر ایرن ہالینڈ نے بھی کراچی میں خالی سٹیڈیم کو دیکھ کر دُکھ کر اظہار کر دیا،انگلش کرکٹر روی بوپارا اور عروج ممتاز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے معروف پریزینٹر ایرن ہالینڈ نے کراچی کے شائقین کرکٹ سے درخواست کی وہ اگلے میچ میں ان کی منتظر رہیں گی۔اس موقع پر عروج ممتاز نے بھی کراچی کے میچ میں تماشائیوں کی عدم دلچسپی پر پریشانی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے اہم میچز میں شہر قائد کے باسی اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔ کراچی جیسی صورت حال پنڈی اسٹیڈیم میں تھوڑی مختلف دکھائی دے رہی ہے،تاہم وہ توقعات کے مطابق نہیں ہے، تماشائیوں کا شکوہ ہے جس قدر پریشانی اور مشکلات سے دوچار ہوکر اسٹیڈیم پہنچتے ہیں اس سے خوار ہونے سے گھر پر میچ دیکھنا بہتر ہے،کوئی سہولت نہیں ہوتی ،شائقین کو اسٹیڈیم لانے کے لئےپی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 10 کے ہر میچ میں ٹکٹ ہولڈرز کو ایک موٹر سائیکل اور ڈھیروں انعامات دینے کا اعلان کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 10 میں شائقین کی دلچسپی کیلئے انعامات کی بارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہر میچ میں موٹر سائیکل کے ساتھ کئی انعامات شائقین کرکٹ کے منتظر رہیں گے۔رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل 10 کے ہر میچ میں ایک خوش قسمت ٹکٹ ہولڈر کو موٹرسائیکل انعام میں دی جائے گی، قرعہ اندازی میں شائقین گولوٹ لو کی ایپ کے ذریعے ’جو موبائل فون پر پلے اسٹور اور ایپل اسٹور کے ذریعے ڈاؤن لوڈ ہوسکتی ہے‘آن لائن شرکت کرسکیں گے۔شائقین کرکٹ میچ ٹکٹ کا کیو آرک وڈ گو لوٹ لو کی ایپ پر اسکین کرکے قرعہ اندازی میں شامل ہوسکتے ہیں، شائقین گو لوٹ لو کی قرعہ اندازی میں ایک شفاف خود کار پراسیس سے آسانی سے شامل ہوں گے، گو لوٹ لو کے کیو آر کوڈ ہر انکلوژر کے انٹری گیٹ پر لگے ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق جیتنے والے خوش نصیب کا نام میچ کی اننگز کے بریک کے دوران اناؤنس کیا جائے گا، ہر میچ کے اختتام پر فاتح کو موٹر سائیکل انعام میں دی جارہی ہے۔پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل ایکس کی ٹکٹیں پی سی بی ڈاٹ ٹی سی ایس ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے پر آن لائن اور ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہیں۔