پشاور(نمائندہ جنگ )عوامی نیشنل پارٹی نے خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل 2025مسترد کرتے ہوئے اس کیخلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا اور خبردار کیا ہے کہ ہماری لڑائی اب صرف مائنز اینڈ منرلز تک محدود نہیں رہے گی ،"یا ہمیں حق دو ، یا ہمیں آزادی دو"ہماری تحریک کا بنیادی نعرہ ہوگا‘متنازع ایکٹ کیساتھ حکومت کو بھی گھر بھیجیں گے‘مطالبات سنجیدہ نہ لئے گئے تواسلام آباد کا رخ کریں گے۔
یہ اعلان عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے مجوزہ "مائنز اینڈ منرلز بل 2025" کے بارے میں خصوصی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ پختونخوا کے تمام مائنز اور منرلز پر اداروں کا کنٹرول ہے،آج تک یہ کنٹرول غیر قانونی طور پر تھا ۔
آج اس کو قانونی جواز فراہم کیا جارہا ہے،ہماری جدوجہد اٹھارہویں آئینی ترمیم پر من وعن عمل تک جاری رہے گی،مائنز اینڈ منرلز ایکٹ دن کی روشنی میں قوم کے حق پر ڈاکہ ہے،فوری طور پر یہ متنازعہ قانون اسمبلی سے واپس لیا جائےاس ایکٹ سے ایس آئی ایف سی کے ذریعے وسائل ادارے کے سپرد کئےجارہے ہیں۔