• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہیل احمد کی کامیابی کا راز سامنے آ گیا








مزاحیہ اداکار سہیل احمد کی کامیابی کا راز سامنے آ گیا، انہوں نے بتایا کہ ہمیں یتیم بچوں کے بچے ہوئے کھانے کی برکت سے مقام ملا ہے۔

پاکستان کے سینئر اور نامور اداکار سہیل احمد، جنہیں ناظرین پیار سے عزیزی کے نام سے جانتے ہیں، اپنی بے مثال فنکاری، تھیٹر، ڈرامہ اور فلموں میں کردار نگاری کے باعث ملک بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔

 وہ پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت کئی اعزازات کے حامل ہیں، لیکن حال ہی میں انہوں نے اپنی کامیابی کا جو راز بیان کیا، اس نے لاکھوں دلوں کو چھو لیا۔

ایک فنڈریزنگ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے سہیل احمد نے اپنی زندگی کی سب سے مؤثر حقیقت شیئر کی، ان کا کہنا ہے کہ میری زندگی کی کامیابیاں دراصل والد کی نیکیوں اور یتیم بچوں سے محبت کی برکت ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میرے والد میرے اسکول جاتے اور پوچھتے کہ کتنے بچے یتیم ہیں، پھر ان یتیم بچوں کو اپنے گھر دوپہر کے کھانے پر بلاتے، میری والدہ ان کے لیے کھانا تیار کرتیں اور ہم بھائیوں کو ان بچوں کی خدمت پر مامور کیا جاتا، لیکن ہمیں ان بچوں کے ساتھ میز پر بیٹھ کر کھانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

سہیل احمد نے مزید کہا کہ جب وہ بچے کھانا کھا کر چلے جاتے، تو بچا ہوا کھانا ہمیں دیا جاتا، میرے والد کہا کرتے کہ ان بچوں نے جو کھایا، وہ اللّٰہ کی رضا کے لیے تھا اور جو بچ گیا وہ تمہارا رزق ہے، آج اگر مجھے دنیا میں کوئی مقام ملا ہے، تو وہ انہی بچوں کی برکت سے ہے۔

سوشل میڈیا پر اس بیان کے بعد سہیل احمد اور ان کے والد کے لیے زبردست تعریفوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، ایک صارف نے لکھا کہ عظیم باپ کا عظیم بیٹا۔

دوسرے نے کہا کہ ہمیں اس کہانی سے بہت حوصلہ ملا، دل سے شکریہ سہیل صاحب۔

کئی افراد نے یتیم بچوں کی کفالت کے خوبصورت پیغام کو سراہا اور کہا کہ یہ کہانی ناصرف سبق آموز ہے بلکہ انسانیت کے فروغ کا ذریعہ بھی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید