اسلام آباد (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسی )تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی، پیٹرولیم لیوی ترمیمی آرڈیننس جاری ، حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ ، صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پٹرولیم لیوی آرڈیننس میں ترمیم کردی گئی ، پیٹرولیم لیوی آرڈیننس سے ترمیم 5کو نکال دیا گیا ، آرڈیننس کا شیڈول 5پیٹرولیم ریٹ سے متعلق ہے ۔ صدر کی جانب سے آرڈیننس کے ذریعے سے پیٹرولم لیوی میں اضافہ کردیا گیا ۔ پیٹرول پر لیوی 8روپے 72پیسے بڑھادی گئی ، پیٹرول پر لیوی70روپے سے بڑھا کر 78روپے 72پیسے کردی گئی ، ڈیزل پر لیوی میں بھی 7روپے ایک پیسے اضافہ کیا گیا جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 70روپے سے بڑھا کر 77روپے کردی گئی ۔لیوی میں اضافے کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پیٹرول کی قیمت 254 روپے 63 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 258روپے 64 پیسے فی لیٹر برقرار رہیں گی ۔ قبل ازیں وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر پٹرولیم پراڈکٹس (پٹرولیم لیوی)آرڈیننس 1961 میں ترمیم کی منظوری دے دی، اس ترمیم میں قومی محصولات میں اضافہ ہو گا۔کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر حکومت کی ڈومیسٹک سیکورٹیز جاری کرنے کے حوالے سے سسٹین ایبل انوسٹمنٹ سکوک فریم ورک کی منظوری دے دی۔