کراچی(اسٹاف رپورٹر ) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 6ارب 40 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے ڈاؤ کمپری ہینسو کینسر سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس سہولت سے عوام کو زیادہ سے زیادہ مستفید کرنے کے لیے مزید 2 ارب روپے کی لاگت سے تین نئی مشینوں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی جس کے لیے حکومت سندھ مالی تعاون فراہم کرے گی.ڈاؤ کمپری ہینسو کینسر سینٹر پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد سینٹر ہے جہاں ایم آر لینک(MR LINAC) سائیکلوٹرون سمیت نیوکلیئر میڈیسن کے ذریعے علاج و تشخیص کی تمام سہولتیں ایک چھت کے تلے دستیاب ہیں ایم آر لینک پاکستان بھر میں صرف ڈاؤ یونیورسٹی میں ہی نصب ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی پرو وائس چانسلرز پروفیسر جہاں آراء حسن اور پروفیسر نازلی حسین نے بھی خطاب کیا، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ پروفیسر طارق رفیع، سیکرٹری صحت سندھ ریحان بلوچ، سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز عباس بلوچ، ڈاؤ یونیورسٹی کے رجسٹرار اشعر آفاق ،فیکلٹی کے اراکین اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے منصب سنبھالتے ہوئے ڈاؤ کمپری ہینسو کینسر سینٹر ، ٹرانسپلانٹیشن پروگرام، آپتھلما لوجی سمیت جن تین سہولتوں کو بہتر انداز میں بناکر چلانے کے جو خواب دیکھےتھےوہ پورے ہو گئے ہیں ۔