کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تعلیم کے ذریعے ہی ترقی کرسکتا ہے،لارڈ میکالے کا نظام تعلیم فرسودہ ہوچکا جو کلرک کے بچے کو کلرک اور سپاہی کے بچے کو سپاہی ہی بنا رہا ہے۔تعلیم کی تجارت کے خلاف جہاد کیا جائے،یہ بات کراچی ادبی فورم اور تحریک نفاذ اردو کے صدر محمد قاسم جمال نے باغ کورنگی میں کیمرج اسکول سسٹم کی سالانہ تقریب اسناد و انعامات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں کہی،اس موقع پر معروف سماجی رہنما مقصود انصاری،آصف خان ، بروڈ فیلڈ گرامر اسکول کے پرنسپل شہزاد ہمایوں لاشاری ،عوامی پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری راجہ ساجد محمود،کیمرج اسکول سسٹم کے ایڈمنسٹریٹر سر محمد اقبال ،سر جنید اور میڈم شمع نے بھی خطاب کیا، مہمانان گرامی نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈ،میڈل ودیگر انعامات تقسیم کئے، قاسم جمال نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ہائر ایجوکیشن سے آراستہ کریں،مقصود انصاری نے کہا کہ کیمرج اسکول سسٹم کے طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر پوزیشن حاصل کی ہیں۔