• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیو ڈی اے زرغون اسکیم کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں نا کام ہو گیا، محمد رمضان ملا خیل

کوئٹہ (پ ر) زرغون ہاؤسنگ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر محمد رمضان ملا خیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کیو ڈی اے زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے الاٹیز کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں ناکام ہو گئی ہے۔ اسکیم میں 2017 سے لوگوں نے رہائش اختیار کرنا شروع کی اور اب ایک بڑی تعداد اپنے گھروں میں منتقل ہو چکی ہے۔ کیو ڈی اے نے اسکیم کو لانچ کرتے وقت جو بلند و بانگ دعوے کیے تھے وہ دھرے کے دھرے رہ گئے اور اسکیم کے رہائشی اب تک آبنوشی اور گیس کی سہولت تک سے محروم ہیں اور ازیت ناک زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کی چار دیواری ابھی تک نا مکمل ہے۔ یہاں سے چوری ہونے والے بجلی کے چار ٹرانسفارمرز بھی بازیاب نہ کرائے جا سکے۔کیو ڈی اے کا یہ فرض بنتا ہے کہ زرغون ہاؤسنگ سکیم کے الاٹیوں اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت اور رازداری کا انتظام کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے گیٹوں اور پارکوں پر سرکاری ڈیوٹی سرانجام دینے والا کوئی اہلکار یا چوکیدار موجود نہیں ہوتا اور اسکیم میں دن بھر مشکوک گاڑیوں اور مشکوک افراد کا آنا جانا لگا رہتا ہے جس کی وجہ سے الاٹیز خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ اسی طرح پارکس بھی آوارہ لوگوں اور آوارہ کتوں کی آماجگاہ ہیں۔ اسکیم میں بنائی جانے والی سڑکوں میں غیر معیاری میٹیریل استعمال کیا جا رہا ہے۔ اور صاف نظر آتا ہے کہ یہ سڑکیں موسم کی سختی اور بارش وغیرہ کو برداشت نہ کر پائیں گی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائینگی۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ محکمہ واسا اسکیم کے ٹیوب ویلز کا انتظام سنبھالے اور جس طرح شہر بھی میں پانی کی فراہمی کا انتظام اس کی ذمہ داری ہے وہ اسکیم میں بھی اس ذمہ داری کو پورا کرے۔ انہوں نے بیان میں وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری اور پارلیمانی سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر اسکیم کے رہائشیوں کو گوناگوں مسائل سے نجات دلانے کے لیے کردار ادا کریں اور کیو ڈی اے حکا م کو ان کے وعدوں کو پوراکرنے کا پابند بنائیں اور اسکیم میں دیگر مسائل کے حل کے علاوہ گیس اور پانی کی فراہمی کا مسئلہ بالخصوص حل کرائیں۔
کوئٹہ سے مزید