• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ نہیں بننا چاہتی تھی، زبردستی بنایا گیا: خوشبو خان کا انکشاف

خوشبو خان — اسکرین گریب
خوشبو خان — اسکرین گریب

پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ خوشبو خان کا کہنا ہے کہ میں اداکارہ نہیں بننا چاہتی تھی لیکن زبردستی مجھے اداکارہ بنایا گیا۔

حال ہی میں نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرنے والی اداکارہ نے اپنی زندگی میں دیکھے گئے دکھ، درد اور مسائل کے بارے میں کھل کر بات کی۔

انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کئی بار دھوکہ ملا، اب کسی پر یقین نہیں رہا، میں نے جو کچھ کسی کے لیے کیا ہے اس کا بدلہ کبھی نہیں ملا۔ میں نے زندگی میں بہت قربانیاں دیں لیکن دوستوں، رشتے داروں اور جن سے میں محبت کرتی تھی ان سے ہی دھوکہ اور جھوٹ ملا، آخر میں، میں اور میرا ٹوٹا دل اکیلے رہ گئے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ میں نے 7 سال کی عمر میں کام کرنا شروع کیا اور میں 11 سال کی عمر میں ہیروئن بن چکی تھی اور آج تک کام کر رہی ہوں لیکن میں کبھی بھی اداکارہ نہیں بننا چاہتی تھی بلکہ مجھے پڑھنے کا شوق تھا اور ٹیچر بننا چاہتی تھی لیکن کم عمری میں میری پڑھائی چھڑوا کر چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کرنے پر مجبور کیا گیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ میں کام کرتی رہی اور اپنی تعلیم مکمل نہیں کر پائی، جس کا مجھے اب بھی پچھتاوا ہے۔ میں نے اپنے گھر والوں کے ساتھ ساتھ دیگر رشتے داروں کی پرورش کی، سب کی مالی مدد کی اور آج وہ سب اپنی اپنی زندگیوں میں آباد ہیں لیکن میں اکیلی رہ گئی ہوں۔

خوشبو خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پچھلے کچھ عرصے سے ڈپریشن کا شکار ہوں، مہینوں اپنے کمرے میں بیٹھی رہتی ہوں، رونے کا دل کرتا ہے تو زور زور سے رو لیتی ہوں، مجھے یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ میں ذہنی تناؤ کا شکار ہوں اور اس سے نکلنے کی کوشش کی تو خود ہی نکل بھی آئی لیکن تنہائی کے احساس سے باہر نہیں آئی۔

واضح رہے کہ فلمسٹار خوشبو خان گزشتہ کئی برسوں سے شوبز میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے ڈراموں، فلموں اور تھیٹر میں بھی کام کیا ہے۔

انہوں نے اداکار ارباز خان سے شادی کی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید