زمبابوے کی فضائیہ کے کمانڈر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ایئر ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا۔ سربراہ زمبابوے ایئرفورس کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق زمبابوے فضائیہ کے کمانڈر ایئرمارشل جان جیکب نزویدے نے سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں تربیتی پروگرامز اور تکنیکی مہارت سمیت دفاعی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ایئرچیف نے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں پر روشنی ڈالی، ایئرچیف نے زمبابوے ایئرفورس کےلیے آپریشنل تربیت میں بہتری کےلیے ہرممکن مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ نے زمبابوے کی فضائیہ کی ابتدائی تربیت اور اسٹرکچرنگ میں بھی بھرپور کردار ادا کیا تھا، دونوں ممالک کے دیرینہ عسکری تعلقات قائم ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ یہ تعلقات علاقائی امن اور سلامتی سے متعلق تمام اہم امور میں مکمل ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔